آصف زرداری، فریال تالپور مفرور ملزم قرار

آصف زرداری، فریال تالپور مفرورملازم قرار | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادار (ایف آئی اے) نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو مفرور ملزم قرار دے دیا ہے۔

حسین لوائی و دیگر کے خلاف درج مقدمے کے چالان میں دونوں کو مفرور ظاہر کیا گیا ہے۔ مفرور قرار دیے گئے دیگر ملزمان میں انور مجید اور ان کے بیٹے مصطفی ذوالقرنین مجید کا نام بھی شامل ہے۔

نجی بینک کے چئیرمین سمیت مجموعی طور پر 20 افراد کو مفرور قرار دیا گیا ہے،  فہرست میں سابق صدر اور ان کی بہن کا نام 19 اور 20 ویں نمبر پر ہے۔

چالان کے متن میں کہا گیا ہے کہ حسین لوائی سمٹ بینک کےسی ای اوہیں، ایف آئی اے نےبینک کےذریعے غیرقانونی اکاونٹ کھولنے پرگرفتار کیا تھا۔

عدالت میں پیش کیے گئے 15 صفحوں پر مشتمل چالان کے مطابق حسین لوائی اور بینکر طحہ رضا عدالتی حکم پرجیل میں ہیں۔

اسٹنٹ ڈائریکٹرایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل محمد علی ابڑو نے چالان عدالت میں جمع کروایا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طورپر28 غیر قانونی اکاونٹس سے 35 ارب روپے منتقل ہوئے ہیں۔

چالان میں بحریہ ٹاؤن کراچی اور ملک ریاض کے بیٹے زین ملک کا نام بھی شامل ہے۔ مارچ 2014 سے جنوری 2015 کے دوران دس ماہ میں مشتبہ اکاؤنٹ سے ساڑھے چار ارب روپے کی رقم منتقل کرنے کا بتایا گیا ہے۔

قبل ازیں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت حسین لوائی اور طحہ رضا کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے جعلی اکاؤنٹ کے زریعے مختلف افراد اور اداروں کو رقوم منتقل کی ہیں۔


متعلقہ خبریں