ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان

ملک بھر میں بارشوں سے موسم خوشگوار

فائل فوٹو


اسلام آباد: راولپنڈی اور اسلام آباد  سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ لاہور اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ حبس اور گرمی کی شدت میں بھی کمی آئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو اسلام آباد راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر، پشاور، مردان، کوہاٹ، سرگودھا، ژوب ڈویژن، بالائی فاٹا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم  اور مرطوب رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع اور بالائی علاقوں میں بارش ہوئی، سرگودھا میں 58 ملی میٹر، بنوں 38 ملی میٹر، مری 27 ملی میٹر، کوہاٹ، رسالپور، کامرہ 15 ملی میٹر، راولاکوٹ 11 ملی میٹر، چلاس چار ملی میٹر، خضدار، پنجگور تین ملی میٹر اور لاہور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ہفتے کو سب سے زیادہ گرمی بلوچستان کے شہر نوکنڈی میں پڑی جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ دالبندین کا درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔


متعلقہ خبریں