اسلام آباد کے پریزائیڈنگ افسر آج حلف اٹھائیں گے


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے 786 پریزائیڈنگ افسر آج اپنی ذمہ داریوں کا حلف اٹھا رہے ہیں، ریٹرننگ افسر اسلام آباد ان سے 25 جولائی کو پولنگ کے دن اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دینے کا حلف لیں گے۔

تمام پریزائیڈنگ افسروں سے یہ حلف بھی لیا جائے گا کہ وہ کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور بلا خوف وخطر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے ملکی تاریخ میں پہلی بار انتخابی عملے سے حلف لینے کا فیصلہ کیا تھا اور ہدایات جاری کی تھیں کہ پولنگ شروع  ہونے سے قبل پریذائیڈنگ افسران ہر ضلع کے ریٹرننگ افسر سے عہدے کا حلف لیں گے، پھر پریذائیڈنگ افسر پولنگ کے باقی عملہ سے حلف لیں گے جبکہ انتخابی عملے کو پولنگ کے وقت سے کم از کم 2 گھنٹے پہلے پولنگ اسٹیشن پہنچنا ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے اپنے اعلامیے میں خبردار کیا تھا  کہ پولنگ عملے کو امیدوار کی جانب سے مالی معاونت یا تحفے کو رشوت تصور کیا جائے گا جبکہ پولنگ عملے پر فرائض کی ادائیگی کے دوران سیاسی رائے کے اظہار پر بھی پابندی ہوگی۔

پولنگ عملہ ایسا لباس یا علامت اختیار نہیں کرے گا جس سے کسی جماعت سے وابستگی ظاہر ہو جب کہ فرائض میں کوتاہی کے مرتکب عملے کے خلاف الیکشن کمیشن براہ راست کارروائی کر سکے گا اور خلاف ورزی کا مرتکب عملہ 30 روز میں سروس ٹریبونل یا عدالت میں اپیل دائر کر سکے گا۔

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے تین حلقے این اے 52، 53 اور 54 ہیں جن کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کیے گئے ریٹرننگ افسران نے جمعرات 24 مئی کو حلف اٹھایا تھا،  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ سہیل ناصر نے اپنے چیمبر میں ان سے حلف لیا تھا۔
حلف اٹھانے والے  فاضل جج صاحبان میں محمد عدنان ، سید شعبان اور عبدالغفور کاکڑ شامل تھے، تقریب حلف برداری کے بعد الیکشن کمیشن کو اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا تھا اور تصدیقی سرٹیفکیٹ بھی الیکشن کمیشن کوارسال کردیے گئے تھے۔
ریٹرننگ افسران مقرر کیے جانے والے افراد نے ایمانداری، خلوص نیت، بلا جبر اور بغیر کسی دباؤ اور جھکاؤ کے کام کرنے کا حلف اٹھایا تھا۔

متعلقہ خبریں