حنیف عباسی کو عمر قید اور جرمانہ، تحریری فیصلہ جاری


راولپنڈی: مسلم لیگ نون کے  مرکزی رہنما اور راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60  سے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید اور دس لاکھ  روپے جرمانے کی  سزا سناتے ہوئے انتخابات لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

انسداد منشیات عدالت نے حنیف عباسی کے خلاف ایفیڈرین کوٹہ کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے، فیصلے کے مطابق حنیف عباسی کوجرم ثابت ہونے پر عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہو گا، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں حنیف عباسی کو مزید دو سال قید کی سزا بھگتنا ہو گی۔

حکم نامے کے مطابق حنیف عباسی نے پانچ سو کلو ایفیڈرین منگوائی تھی جس میں سے انہوں نے 363  کلوگرام ایفیڈرین کا ادویات میں استعمال کا ثبوت دیا ہے تاہم  وہ  137 کلو ایفیڈرین کا ادویات میں استعمال کا ثبوت نہیں دے سکے۔

عدالت نے ایفیڈرین کوٹہ کیس کے دیگر سات ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔

عدالت نے حنیف عباسی کو انسداد منشیات ایکٹ کی دفعہ 16 کے تحت ایک سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جب کہ جرمانہ نہ ادا کرنے پر حنیف عباسی کو مزید دو سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی اور 9c  کے تحت جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سنائی گئی۔


متعلقہ خبریں