ڈی آئی خان: پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور خودکش حملہ میں شہید


ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 99  ڈیرہ اسماعیل خان سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار اکرام اللہ گنڈاپور خودکش حملے میں شہید ہو گئے ہیں جس سے حملے میں میں شہدا  کی تعداد دو ہو گئی ہے  جبکہ چار افراد زخمی ہیں۔

خودکش حملے میں سردار اکرام اللہ گنڈاپور کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا اور انہیں سر پر شدید چوٹ آئی تھی، انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، انہیں مزید علاج کے لیے پشاور لے جانے کا پروگرام تھا لیکن وہ  زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔

خود کش حملے میں ان کا ڈرائیور بھی شہید ہو گیا ہے، حملے میں اکرام اللہ  گنڈاپور کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا، ابتدائی طور پر حملے میں اکرام اللہ گنڈاپور کے علاوہ تین افراد شدید زخمی ہوئے تھے، حملہ اس وقت کیا گیا جب  سردار اکرام اللہ  گنڈاپور انتخابی مہم  کے لیے  اپنی گاڑی میں گھر سے نکل رہے تھے۔

پولیس ذرائع  کے مطابق تحصیل کلاچی سے خیبر پختونخوا اسمبلی  کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈاپور کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں اکرام اللہ  اور ان کے ڈرائیور سمیت چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اطلاعات  کے  مطابق اکرام اللہ گنڈاپور اپنے گھر سے نکلے ہی تھے کہ  کچھ  فاصلے  پر ان کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ  دھماکے کی جگہ پر ایک انسانی سر اور ٹانگیں بھی دیکھی گئی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سردار اکرام اللہ گنڈا پور پر حملے کی شدید مذمت کی تھی۔

عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

نگراں وزیراطلاعات خیبر پختونخوا ظفر بنگش نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ  امیدوارں سے کہا گیا تھا  کہ نقل وحرکت سے  آگاہ رکھیں لیکن امیدوار ہمارے قواعد پرعمل نہیں کر رہے۔

ہم نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ  اکرام اللہ  گنڈاپور کے ساتھ دو پولیس اہل کار بھی زخمی ہوئے ہیں، اکرام اللہ گنڈاپور کو پہلے سے سیکیورٹی خدشات  تھے، کوشش ہے کہ اکرام اللہ گنڈاپور کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کریں۔

انہوں نے بتایا کہ 75 ہزار پولیس اہل کار پولنگ اسٹیشن پر تعینات ہیں، پولیس اہل کاروں کو انتخابات کے لیے تربیت  دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ قیام امن  کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

2013 میں سردار اکرام گنڈاپور کے  بھائی اسرار گنڈاپور بھی  خودکش حملے کا نشانہ بنے تھے۔


متعلقہ خبریں