سیاسی سرگرمیاں عروج پر، انتخابی مہم میں 36 گھنٹے باقی


اسلام آباد: ملک بھر میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں جبکہ انتخابی مہم  ختم  ہونے میں صرف 36 گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔

ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا دن قریب آتے ہی سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے اور اتوار اور پیر کے  روز مختلف سیاسی جماعتیں اپنی قوت کا مظاہرہ کرنے کی تیاریوں میں ہیں۔

تحریک انصاف، مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی  اتوار کے روز اپنے بڑے سیاسی شوز کریں گی۔

پی ٹی آئی کے سربراہ اتوار کو اپنی انتخابی مہم کا بڑا جلسہ کراچی میں کر رہے ہیں، انتخابی سرگرمیوں کے آخری دن  پیر کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان  لاہور میں اپنی انتخابی مہم کا اختتام  کریں گے، کپتان پیر کے روز لاہور میں پانچ  بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے آخری دو دن چھ شہروں میں انتخابی محاذ سجائیں گے، بلاول بھٹو زرداری سندھ  میں طوفانی دورے سے انتخابی مہم کا اختتام کریں گے، اتوار کو بلاول بھٹو سیہون، میہڑ اور لاڑکانہ جب کہ انتخابی مہم کے آخری روز شکارپور، جیکب آباد اور کندھ کوٹ میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔

مسلم لیگ نون کے صدر شہبازرشریف اتوار کو ملتان میں انتخابی محاذ سجائیں گے جب کہ وہ اپنے حلقہ انتخاب میں ریلی کی قیادت بھی کریں گے۔

مسلم لیگ نون ڈیرہ غازی خان ( ڈی جی خان ) میں پیر کے روز انتخابی مہم کا اختتامی جلسہ کرے گی۔


متعلقہ خبریں