اسلام آباد کے پریزائیڈنگ افسران نے حلف اٹھا لیا


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں کے لیے 786  پریزائیڈنگ افسران نے حلف اٹھا لیا ہے۔

اسلام آباد میں این اے 52، این اے 53 اور این اے 54  کے حلقوں کے پریزائیڈنگ افسران سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد سہیل ناصر نے حلف لیا، تقریب میں تینوں حلقوں کے ریٹرننگ افسران (آر اوز) بھی موجود تھے، پریزائیڈنگ افسران میں فیڈرل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے انیسویں گریڈ کے افسران کو شامل کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سہیل ناصر نے کہا کہ اس سال نئے قوانین کے مطابق  نئے طریقہ کار کے تحت حلف لیا جا رہا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ آپ ان انتخابات کو اپنی ذمہ داری سمجھ  کر نبھائیں۔

انہوں نے پریزائیڈنگ افسران پر زور دیا کہ قوم کی خدمت کے لیے آپ کے صرف دو دن ہی چاہیئں، بہت  دکھ  سے کہنا  پڑ رہا ہے کہ انتخابات کے لیے کوئی ڈیوٹی کو تیار نہیں اس لیے جن کی ڈیوٹیاں زبردستی لگائی گئی ہیں اُن سے معذرت چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسر اپنے پولنگ اسٹیشن کا ذمہ دار ہو گا اور ماتحت عملہ اس کے احکامات پر عمل کرنے کا پابند ہو گا، پولنگ اسٹیشن میں تعینات رینجرز اور آرمی کے افسران بھی پریزایڈنگ افسر کے تابع ہوں گے۔

پولنگ کا سامان فوج اور پولیس کی معاونت سے پولنگ اسٹیشن تک پہنچایا جائے گا اور پولنگ کے وقت میں اضافہ بھی سرکاری احکامات کے بغیر نہیں کیا جائے گا۔

سہیل ناصر نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسران کو تمام معلومات سرکاری طریقہ کار کے مطابق  فراہم کی جائیں گی، اس کے علاوہ کسی قسم کی معلومات پر کان نہ دھریں، صرف شناختی کارڈ رکھنے والے حضرات ہی  ووٹ ڈالنے کے مجاز ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن میں امیدوار اور پولنگ ایجنٹ کے علاوہ کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی صرف وہ پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوسکیں گے جنہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے کارڈز جاری کیے جائیں گے،  پولنگ اسٹیشن میں عملے کو موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔


متعلقہ خبریں