2013 کا الیکشن فکس تھا،عمران خان

2013 کا الیکشن فکس تھا،عمران خان |humnews.pk

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ  2013 کا الیکشن فکس تھا اور اس مرتبہ بھی ہمارا مقابلہ جمہوری لوگوں سے نہیں مافیا سے ہے۔

کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013 میں دھاندلی ہوئی توہندوستان کا میڈیا نوازشریف کے ساتھ تھا اور اب نوازشریف سیاسی قیدی بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

ملک میں انتشار پھیلایا گیا جب کہ ہمارے ایک حکمران نے کسی اور ملک کی جنگ میں جانے کا فیصلہ کیا لیکن میں وعدہ کرتا ہوں پاکستان کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک طرف عابد باکسرکہتا ہے کہ شہبازشریف مجھ سے قتل کراتا تھا اور دوسری جانب عزیربلوچ آصف زرداری کے لیے شوگرملزپر قبضے کرتا تھا تو ملک کے لیے کس نے کچھ کیا، کسی نے نہیں لیکن ہم اقتدار میں آکر عوام کے فائدے کی پالیسی بنائیں گے۔

اس سے قبل انہوں نے کراچی میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے کبھی مخالف کو کمزور نہیں سمجھا اور ہمیشہ مخالفین کی منصوبہ بندی ناکام بنائی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں ہم نے اپنے علاقوں میں بھر پور کام کیا جو سب کے سامنے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پاکستان کا وہ واحد صوبہ ہے جہاں صحت، تعلیم اور پولیس کے شعبے میں ترقی ہوئی اور یہ سب پی ٹی آئی کےدورے حکومت میں ہوا۔ ہم نے عوام کے لیے کام کیا ور آگے بھی کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جیسا لیڈر ہوتا ہے ویسے ہی مشیر ہوتے ہیں۔


متعلقہ خبریں