اسلام آباد اور مری میں موسلا دھار بارش : موسم خوشگوار ہوگیا

سندھ کے علاوہ آج ملک بھر میں بادل گرجیں گے

فوٹو: فائل


اسلام آباد:  اسلام آباد اور ملکہ کوہسار مری کے گرد و نواح میں ہونے والی تیز موسلا دھار بارش نے شدید گرمی اورجاری حبس کا زور توڑ دیا ہے اورموسم انتہائی خوشگوار ہوگیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ اتوار کی دوپہر تین بجے کے بعد شروع ہوا جو وقفے وفقے سے رات گئے تک جاری رہا۔ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ شہریوں  نے بارش کو خوب انجوائے کیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو بھی اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژنوں، فاٹا، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

ملتان، ڈی جی خان، فیصل آباد، بہاولپور، ساہیوال ڈویژن  اور گلگت بلتستان میں بھی  چند مقامات پر تیزہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔


متعلقہ خبریں