نون لیگ نے نواز شریف کی اسپتال منتقلی کا مطالبہ کر دیا


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون نے ایون فیلڈ ریفرنسز میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ نگراں وزیراعظم  جسٹس ریٹائرڈ  ناصر الملک صورتحال کا فوری نوٹس لیں گے۔

مسلم لیگ نون کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ  مسلم لیگ نون کے قائد  نوازشریف کو ان کے ذاتی معالج  تک رسائی نہیں دی گئی، اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے  سابق وزیراعظم  کو بنیادی سہولتوں سے محروم  رکھا  ہے اور جیل مینوئل پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جیل میں نوازشریف کی طبیعت خراب ہونے پر قوم کو تشویش ہے، مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھ  کرسہولتیں فراہم کرنے کی اپیل کی تھی لیکن سہولتوں کی عدم فراہمی سے نواز شریف کی صحت خراب ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم  کے ساتھ  ایسا  رویہ افسوسناک ہے، نواز شریف کو اسپتال منتقل نہ کرنا ان کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نوازشریف تک ذاتی معالج کی  رسائی یقینی بنائی جائے، نوازشریف کو دل کی شدید تکلیف ہے، ان کا لندن میں علاج بھی ہوچکا ہے اس لیے نواز شریف کو فوری اسپتال منتقل کیا جائے۔


متعلقہ خبریں