لاؤس: اربوں کیوبک میٹر بے قابو پانی سب بہا لے گیا

لاؤس: زیر تعمیر ڈیم ٹوٹنے سے متعدد افراد ہلاک، سیکڑوں لاپتا |humnews.pk

ونیتیان: جنوب مشرقی ایشیائی ملک لاؤس میں زیر تعمیر ڈیم ٹوٹنے سے متعدد افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں لاپتا ہو گئے ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لاؤس میں زیر تعمیر زیپیان ژی  نام نوئے ہائیڈرو پاور ڈیم  ٹوٹ  گیا جس کے باعث پانچ ارب کیوبک میٹر پانی بے قابو ہو کر سینکڑوں گھروں کو بہا لے گیا۔

حادثے سے اب تک متعدد  ہلاکتیں ہوچکی ہیں، ہزاروں افراد لاپتا ہیں جبکہ 6600 بے گھر ہو گئے ہیں، امدادی کارروائیاں اور متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔

حکام کے مطابق لاپتا افراد کے بارے میں ابھی تک کچھ  معلوم نہیں کہ وہ زندہ  ہیں یا نہیں تاہم  تمام  متاثرین  کو ریسکیو کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

شدید بارشوں کے باعث ملک کے کئی علاقے پہلے ہی سیلاب سے متاثر تھے جبکہ ڈیم  ٹوٹنے سے بڑے پیمانے  پر نقصان ہوا ہے۔

ڈیم کی تعمیر تھائی لینڈ، لاؤس اور مختلف کمپنیوں کے اشتراک سے کی جا رہی تھی، اس کے کچھ حصے مکمل ہو چکے تھے جبکہ  بعض  ابھی زیر تعمیر تھے اور انہی کے گرنے سے حادثہ پیش آیا۔

ڈیم کی تعمیر میں شامل کمپنی ایس کے کے حکام نے اپنے بیان میں کہا  ہے کہ حادثے کی وجہ ملک میں  جاری شدید بارشیں ہیں جس کے باعث ڈیم  کا اوپری حصہ ٹوٹ گیا، انہوں نے بتایا کہ ان کے ورکرز بھی ریسکیو کے کام میں مصروف ہیں۔

کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈیم ٹوٹنے کے پیش نظر پہلے ہی اطراف میں موجود 12 دیہات  کو خالی کرانے کی ہدایت دی تھی۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے رپورٹرز کو کیے گئے ٹیکسٹ مسیج میں بتایا ہے کہ ڈیم کی تعمیر میں مصروف ورکرز کا انخلا مکمل کر لیا گیا ہے۔

لاؤ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8:00  بجے پیش آیا اور کئی دیہات زیر آب آ گئے۔


متعلقہ خبریں