ووٹرز کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایات

پولنگ اسٹیشن

اسلام آباد: ہمیشہ کی طرح رواں انتخابات میں بھی الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی رہنمائی کے لیے ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے حکم  دیا ہے کہ انتخابی عملہ پولنگ کے دوران غیر جانبدار رہے اور پریزائیڈنگ افسر کے قانونی حکم کی تعمیل کرے، انتخابی عملہ یا سیکیورٹی اسٹاف کسی کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب نہیں دے سکتا۔

ای سی پی کا کہنا ہے کہ کہ ووٹرز پولنگ کے وقت ووٹ ڈالنے کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ لازمی ساتھ  لائیں جب کہ زائد المیعاد قومی شناختی کارڈ قابل قبول ہے لیکن فوٹو کاپی قبول نہیں کی جائے گی، ووٹرز بیلٹ پیپر پر نشان لگانے کے لیے پولنگ حکام کی فراہم کردہ مہر استعمال کریں اور پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل  فون اور کیمرہ لانے سے گریز کریں کیوں کہ ان چیزوں کو لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ ووٹرز اور انتخابی عملہ بھی ووٹ کی رازداری کا خیال رکھے اور اپنا قومی فریضہ ادا کرے۔

دوسری جانب ای سی پی نے عوام کی سہولت کے لیے پہلے ہی ایس ایم ایس سروس شروع کردی تھی جس کے ذریعے ووٹرز اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8300  پر ایس ایم ایس کر کے اپنے حلقے اور پولنگ اسٹیشن کی تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں