قومی کرکٹ ٹیم زمبابوے سے وطن واپس پہنچ گئی


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم  دورہ زمبابوے مکمل کر کے لاہور پہنچ گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق زمبابوے کے کامیاب دورے کے بعد  پانچ  کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف  غیرملکی ایئر لائنز کی پرواز ای  کے 622  کے ذریعے دبئی سے لاہور پہنچے، کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، حسن علی، محمد عامر، آصف علی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

ہیڈ کوچ  مکی آرتھر اور بالنگ کوچ اظہر محمود سمیت دیگر عملہ بھی وطن واپس پہنچ گیا۔

رواں ماہ کے آغاز میں کھیلی جانے والی سہ ملکی سیریز میں پاکستان نے زمبابوے اور آسٹریلیا کے خلاف فتح حاصل کی تھی، زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلی گئی سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں  پاکستان نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب  پاکستان اور زمبابوے کے مابین کھیلی جانے والی پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو کلین سویپ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں