مشرق وسطیٰ کے مسائل کا حل بولڈ ڈپلومیسی میں ہے، ملیحہ لودھی


نیویارک/اسلام آباد: پاکستان نے تجویز پیش کی ہے کہ مشرق وسطیٰ کو بحرانی کیفیت اوردرپیش صورتحال سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ بولڈ ڈپلومیسی (بولڈ سفارتکاری) اختیارکی جائے۔

یہ تجویز اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیش کی ۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی اوراستحکام کا قیام اتنا آسان نہیں ہے لیکن جامع حکمت عملی ترتیب دے کر اس ضمن میں پیشرفت کی جائے تو نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔

امریکہ میں پاکستان کی سفیر رہ چکنے والی ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے زور دیا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ قیام امن کے لیے جو حکمت عملی ترتیب دی جائے اور جو وعدے کیے جائیں ان پر یقینی عملدرآمد ہو۔

پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا کہ اس ضمن میں اہم ذمہ داری ان قوتوں  پر بطورخاص عائد ہوتی ہے جو طاقت کی حامل ہیں اور وہاں موجود جماعتوں پر اثرورسوخ کی حامل ہیں۔

پاکستان میں صحافت سے وابستہ رہنے والی ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے 19 جولائی کو اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے ’یہودی ریاست‘ کے قانون کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں نسل پرستانہ قوانین کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

پاکستان کی مستقل مندوب نے واضح کیا کہ ہم کسی بھی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کریں گے جس کی وجہ سے فلسطینیوں کے حقوق کے ساتھ ان  کی اپنی سرزمین پرزیادتی ہو  اوروہ  بنیادی انسانی حقوق سے محروم کردیے جائیں۔

انہوں نے حالیہ اسرائیلی بمباری سے ہونے والی 130 فلسطینیوں کی شہادت پر شدید اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اس غیرانسانی اقدام پر پاکستان کو سخت نشویش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطین میں بنیادی جھگڑا قبضے کا ہے کہ باہر کی قوت وہاں کے لوگوں اوران وسائل پرکیے جانے والے ناجائز قبضے کو ہر قیمت پر برقراررکھنا چاہتی ہے جو کسی بھی طرح ناقابل قبول ہے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ عراق اورلبنان کے جمہوری عمل کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی انتخابات کے ذریعے عراق اورلبنان اپنی تاریخ میں جو نیا باب رقم کررہے ہیں وہ ان کے اپنے قومی مفاد میں ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے اپنے ملک کی جانب سے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ شام اوریمن کے بحرانوں سمیت خطے کے دیگر مسائل کے حل کےلیے کیے جانے والے اقدامات اورمذاکرات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں