الیکشن کمیشن کا رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کا تجربہ ناکام

app

محکمہ موسمیات نے شاندار سہولت متعارف کرادی


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم (آر ٹی ایس) کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے جس کی وجہ سے عام انتخابات کے نتائج تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آر ٹی ایس کی ناکامی کی وجہ سے ای سی پی نے یہ نظام بند کر دیا ہے، انتخابی نتائج اب مینوئل طریقے سے بھیجے جائیں گے،  ریٹرننگ افسر نتائج کے لیے پریزائیڈنگ افسروں کا انتظار کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم ( آر ایم ایس ) کی ایپلی کیشن انتخابی نتائج کو شفاف بنانے کے لیے اختیار کی گئی تھی اور اس کے ذریعے آر ٹی ایس سے نتائج کو آر ایم ایس میں ٹرانسفر کرنا تھا تاہم پولنگ عملے اور ریٹرننگ افسروں کی جانب سے آر ایم ایس کے استعمال میں مشکلات کے باعث اسے بند کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابی نتائج کو آر ٹی ایس سے آر ایم ایس میں ٹرانسفر نہ کیا جائے، الیکشن کمیشن کی جانب سے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا ) کو  آر ایم ایس سسٹم نصب کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں تاکہ ریٹرننگ افسر الیکشن کمیشن کو فوری طور انتخابی نتائج بھیج سکے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 16 جولائی کو آر ٹی ایس کا تجرباتی استعمال کیا گیا تھا جس میں ناکامی ہوئی تھی اور انتخابی عملے کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے آر ٹی ایس بند کیے جانے پر کئی سوال اٹھ  گئے ہیں، اس سسٹم کے تحت ہر حلقے کے پریذائیڈنگ افسر نے موبائل ایپلیکیشن انسٹال کر کے اپنے شناختی کارڈ نمبر اور جاری کردہ پن کے ذریعے لاگ ان کرنا تھا اور فارم 45 (نتائج فارم)  کی تصویر بنا کر الیکشن کمیشن کو بھیجی جانی تھی۔


متعلقہ خبریں