فضل الرحمان کا انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار

فوٹو: فائل


ڈیرہ اسماعیل خان: متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے صدر مولانا فضل الرحمان نے انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمیں ایک منصوبے کے تحت اسمبلی سے نکالا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل االرحمان نے کل جماعتی کانفرنس بلانے پر غور شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں انہوں نے اکرم درانی کو ٹاسک دے دیا ہے، امیرجماعت اسلامی سراج الحق سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

ایم ایم اے کے رہنما اور سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا اکرم درانی نے الزام لگایا ہے کہ انتخابی نتائج تبدیل کئے جا رہے ہیں، ہمیں فارم 45 نہیں دیا جا رہا، نتائج تبدیل کرنے کا نقصان ملک کو ہو گا، انہوں نے کہا کہ جمیعت علمائے اسلام کے رہنما قومی قیادت کے ساتھ مل کر لائحہ عمل تیار کریں گے۔

متحدہ مجلس عمل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 مہیا نہ کرنا شکوک و شبہات کو جنم دے رہا ہے، عوام کیلئے انتخابی نتائج تسلیم کرنا مشکل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن صاف ستھرے انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرسکا اور اس نے اپنے ناقص انتظامات کی وجہ سے پورے انتخابی عمل کو مشکوک بنا دیا ہے، پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 مہیا نہ کرنا انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

 


متعلقہ خبریں