تحریک انصاف کی غلام بی بی کے ہاتھوں احمد لدھیانوی کو شکست

تحریک انصاف کی غلام بی بی کے ہاتھوں احمد لدھیانوی کو شکست | urduhumnews.wpengine.com

جھنگ: پاکستان میں گیارہویں عام انتخابات کے دوران بہت سے غیرمتوقع نتائج سامنے آئے ہیں۔ پنجاب کے ضلع جھنگ سے قومی اسمبلی کی نشست پر بھی کچھ ایسا ہی ہوا جہاں ایک خاتون امیدوار نے مدمقابل محمد احمد لدھیانوی کو شکست دے دی۔

جھنگ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 115 (جھنگ 2) کے غیرحتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کی غلام بی بی بھروانہ نے 91 ہزار 434 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے۔

غلام بی بی بھروانہ سے شکست کھانے والے محمد احمد لدھیانوی کالعدم اہلسنت والجماعت کے سربراہ ہیں جو 2009 میں اس وقت سپاہ صحابہ کہلانے والی جماعت کے رہنما علی شیرحیدری کے ایک حملہ میں مارے جانے کے بعد پارٹی قائد منتخب کئے گئے تھے۔

یہ بھی دیکھیں: لائیو: الیکشن 2018، قومی اسمبلی کے نتائج

398 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق حلقہ میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 57 اعشاریہ 39 فیصد رہی ہے۔ چار لاکھ 57 ہزار 988 ووٹرز پر مشتمل حلقہ میں دو لاکھ 53 ہزار 931 ووٹ درست قرار پائے جب کہ آٹھ ہزار 895 ووٹ گنتی سے خارج کر دیے گئے۔

تحریک انصاف کی کامیاب ہونے والی امیدوار 41 سالہ غلام بی بی بھروانہ پہلے بھی رکن قومی اسمبلی رہ چکی ہیں۔ وزیرمملکت برائے تعلیم رہنے والی خاتون رہنما ماضی میں ق لیگ اور گزشتہ اسمبلی میں ن لیگ کا حصہ رہ چکی ہیں۔ وہ مئی 2008 میں اپنی سابقہ وابستگی ختم کر کے تحریک انصاف میں شامل ہوئی تھیں۔

غلام بی بی بھروانہ سے شکست کھانے والے محمد احمد المعروف محمد احمد لدھیانوی اور ان کی جماعت پر فرقہ پرست سرگرمیوں اور متشدد عناصر کے ساتھ رابطوں کا الزام بھی لگایا جاتا ہے تاہم حکومتی سطح پر احمد لدھیانوی اپنے پیشروؤں کی نسبت ایک ماڈریٹ رہنما تصور کیے جاتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والے این اے 115 جھنگ کے نتائج
الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والے این اے 115 جھنگ کے نتائج

گزشتہ الیکشن میں 71 ہزار سے زائد ووٹ لینے والے احمد لدھیانوی جھنگ سے منتخب ہونے والے شیخ اکرم کی نااہلی کے بعد رکن قومی اسمبلی بنے تھے تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ معطل کیے جانے کے بعد وہ اسمبلی رکن نہیں رہے تھے۔ 2016 میں احمد لدھیانوی کو جھنگ سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78 سے انتخابات میں حصہ لینے سے روک دی گیا تھا تاہم بعد میں لاہور ہائی کورٹ نے انہیں اجازت دے دی تھی۔

ملتی جلتی خبر: لائیو: پنجاب اسمبلی کے نتائج

عدالت عالیہ سے اجازت ملنے کے بعد احمد لدھیانوی نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا بلکہ اپنی جگہ مسرور نواز جھنگوی کو امیدوار مقرر کیا جو رکن پنجاب اسملبی منتخب ہوئے تھے۔

کالعدم جماعت کے سربراہ ہونے اور فورتھ شیڈول میں شامل ہونے کی وجہ سے محمد احمد لدھیانوی انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں تھے تاہم گزشہ ماہ جون میں ان کا نام فورتھ شیڈول سے ہٹا دیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت میں انتخاب لڑا۔

جھنگ سے قومی اسمبلی کی نشست پر تحریک انصاف کی خاتون رہنما کامیاب ہوئیں لیکن یہیں سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 126 سے احمد لدھیانوی کے حمایت یافتہ معاویہ اعظم 65252 ووٹ لے کر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اس حلقہ سے غلام بی بی بھروانہ کے علاوہ دو مزید خواتین امیدوار بھی انتخابی دوڑ میں شامل تھیں، ان میں آزاد امیدوار سیدی صغری امام اور متحدہ مجلس عمل کی لبینہ صدیقہ شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں