پولنگ ایجنٹس کو قوانین کے مطابق رسائی نہیں دی گئی، مشرف زیدی


اسلام آباد: ممتاز تجزیہ کار مشرف زیدی کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر پولنگ ایجنٹس کو پولنگ کے بعد گنتی کے دوران قوانین کے مطابق رسائی نہیں دی گئی۔

الیکشن 2018  کے حوالے سے ’ہم نیوز‘ کی الیکشن ٹرانسمیشن میں میزبان ثمرعباس سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب مینڈیٹ ہوتا ہے تو اونچ نیچ  عام سی بات ہے اور اس بار بھی ایسا ہی ہوا ہے، انہوں نے بتایا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہو سکتی کیونکہ ہم نے اس کا ثبوت بھی دیکھا ہے کہ فارم 45 کی فراہمی درست طریقے سے نہیں ہوئی اور اس کی جگہ کچی رسیدیں کاٹی جاتی رہیں۔

مشرف زیدی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس کوئی جواب یا دلیل نہ ہونے کی صورت میں کسی بھی چیز کو دھاندلی کے زمرے میں لایا جا سکتا ہے۔

ملکی بحران کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بحران فوری حل نہیں ہو سکتا، اس وقت ملک جس بحران میں ہے اس کی زیادہ  ذمہ داری گزشتہ حکومت پر ہے لیکن سابق حکومت کو بھی یہ سب ورثے میں ملا۔

ملکی حالات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی گمبھیر مسائل سے دوچار ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کے حالیہ خطاب کو سراہتے ہوئے مشرف زیدی کا کہنا تھا کہ جو رویہ آج عمران خان کا تھا اگر وہی ان کی حکومت میں دیگر افسران کا ہوا تو ملکی معاملات یقیناً بہتری کی جانب جائیں گے۔


متعلقہ خبریں