عوامی مینڈیٹ کی چوری پر بھرپور احتجاج کریں گے، مریم اورنگ زیب


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما اور سابق وفاقی وزیراطلاعات  مریم  اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ چوری ہوا ہے، پاکستان مسلم لیگ نون جمعہ کے روز یونائیٹڈ پولیٹیکل فرنٹ میں اپنے تحفظات کا اظہار کرے گی، کل سیاسی جماعتیں مل کر فیصلہ کریں گی۔

لاہور میں مسلم لیگ نون کی مرکزی مجلس عاملہ (سی ای سی)  کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخصوص شہروں میں مسلم لیگ نون کو نشانہ بنایا گیا، پولنگ ایجنٹس نے پرچیوں پر نتائج  لکھے، سی ای سی میں غور کیا  گیا ہے کہ مینڈیٹ کیسے چوری ہوا۔

مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ موجودہ انتخابی عمل پر تمام سیاسی پارٹیوں کے شدید تحفظات ہیں، مسلم لیگ نون تحریک انصاف نہیں اور ہم یہ پرامن رہ  کر ثابت کریں گے تاہم عوام کا مینڈیٹ چوری ہونے پر احتجاج ضرور کریں گے۔

سابق وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ نون لیگ کے تمام سی ای سی ارکان نے الیکشن کے نتائج  کو مسترد کر دیا ہے، نتائج  دیر سے جاری کیے گئے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سافٹ ویئر پر اتنا دباؤ پڑا کہ وہ جواب دے گیا، اس کی مکمل انکوائری ہونی چاہیے کہ کیا سافٹ ویئر ٹیسٹ نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ  فارم 45 جاری نہ کرنا ایک بڑا مسئلہ تھا، الیکشن کمیشن نے خود کہا ہے کہ کچی پینسل سے فارم پر کرنے کی شکایات ملی ہیں، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور لاہور کی سیٹوں میں تاخیر کی گئی۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ نے بھرپور کام  کیا لیکن نتائج بہت عجیب آئے ہیں، سوال یہ ہے کمروں کے اندر کیا ہو رہا تھا اور کیوں ہو رہا تھا، یہ سب سامنے آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کہا ہے کہ زمینی حقائق انتخابی نتیجے سے یکسانیت نہیں رکھتے، یہ قبل از انتخابات دھاندلی تھی، پہلے نواز شریف کو جیل میں ڈالا گیا اور پھر دھاندلی کی گئی۔


متعلقہ خبریں