الیکشن کالعدم قرار دیا جائے، مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ


اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے)  کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام  ہو چکا ہے اس لیے پورا الیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔

اسلام آباد میں ایم ایم اے کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعہ کو کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی)  ہو رہی ہے جس کی مشترکہ میزبانی وہ خود اور شہباز شریف کریں گے، اس کانفرنس میں انتخابات کو کالعدم کرانے کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی آصف علی زرداری سے بھی بات ہو چکی ہے، عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی سے بھی رابطہ ہوا ہے جبکہ دیگر ہم خیال جماعتوں کو دعوت دے دی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ جن حلقوں سے 25 ہزار اور 30 ہزار کی لیڈ سے جیتتے رہے وہاں سے بھی انہیں ہرایا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ میٹھی میٹھی باتیں اور تقریریں نہ سنائی جائیں، عمران خان کی پیشکش کو وہ پیشکش سمجھتے ہی نہیں۔

عمران خان کو کسی اور قوت کا مہرہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پر جبر کی حکومت مسلط نہیں ہونے دیں گے، ملک میں سویلین کے روپ میں ماشل لا  لگایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں