کپتان کا کھلاڑی بھی دھاندلی کا شکار


گوجرانوالہ: صوبائی حلقہ پی پی 54 سے تحریک انصاف کے امیدوار رضوان اسلم بٹ نے انتخابی نتائج  پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ کروڑوں روپے کے عوض ان کا رزلٹ روک کر دھاندلی کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ رات تک 14 ہزار سے زائد لیڈ پر تھے مگر صبح فیصلہ ان کے خلاف آیا، رضوان اسلم بٹ نے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہ دیے جانے کا شکوہ  بھی کیا اور کہا کہ ان کے رزلٹ کو چینج کیا گیا جس کے خلاف وہ احتجاج کریں گے۔

تحریک انصاف کے امیدوار رضوان بٹ کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے عمران خالد بٹ سے تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی سمیت متعدد سیاسی جماعتوں نے عام انتخابات کے نتائج میں رد و بدل اور فارم 45  نہ ملنے کی شکایت کی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے اس طرح کی کسی بھی باضابطہ شکایت ملنے کی تردید کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان نے جمعرات کی صبح پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اگر کسی جماعت کو کوئی شکایت ہے تو وہ الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے، اگر ایسی کوئی بات ثابت ہوئی تو الیکشن کمیشن ضرور کارروائی کرے گا۔


متعلقہ خبریں