عمران خان کو کرکٹرز کی مبارک باد

کرکٹرز کے عمران خان کو مبارک باد کے پیغامات |humnews.pk

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو الیکشن 2018 میں بھاری اکثریت حاصل کرنے پر مبارک باد کے پیغامات ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، سابق کپتان شاہد خان آفریدی، محمد حفیظ، احمد شہزاد،  وسیم اکرم اور اظہرعلی سمیت بھارتی کرکٹرز کی جانب سے بھی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ عظیم کرکٹر کی قیادت میں پاکستان ترقی کا سفر طے کرے گا کیونکہ عمران خان نے پاکستان کرکٹ کو بھی بلندی پر پہنچایا۔

سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا کہ وزیر اعظم بننے کے بعد بھی عمران خان کو کپتان ہی کہوں گا، انہوں نے عمران خان سے ملاقات کی اور مبارک باد کا پیغام دیا۔

اظہر علی نے بھی کپتان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں 22 سال کی محنت کے بعد موقع ملا ہے، دعا ہے کہ وہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے کر سکیں۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں عمران خان کو مبارک باد  دی اور لکھا کہ پاکستانی قوم کی امیدیں اب آپ سے وابستہ ہیں اور مجھے بھی امید ہے کہ آپ بھرپور قیادت کریں گے، شاہد آفریدی نے میڈیا اور حریف جماعتوں سے انتخابی نتائج تسلیم کرنے کی بھی درخواست کی۔

اسی طرح  محمد حفیظ نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ آپ نے کرپشن کے خلاف طویل جدوجہد کی اور بنے گا نیا پاکستان۔

احمد شہزاد نے بھی اپنے ٹویٹ میں عمران خان کی کوششوں کی تعریف کی اور لکھا کہ آج دنیا کے سامنے نئے پاکستان کا خواب پورا ہوگا۔

سابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کپل دیو نے بھی عمران خان کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے تو میں عمران خان کو اس بڑی کامیابی پر مبارک باد دوں گا لیکن یہ بہت  بڑی ذمے داری بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنا اور قوم کی سربراہی کرنا دو الگ الگ چیزیں ہیں لیکن عمران ایک پیدائشی رہنما ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ اپنے ملک کی بھر پور مدد کرے گا۔


متعلقہ خبریں