خیبرپختونخوا میں خواتین نے اپنے حق رائے دہی کا ریکارڈ استعمال کیا

خیبرپختونخوا: ووٹ پول کرنے والی خواتین کا تناسب تین ادوار کی نسبت زیادہ| urduhumnews.wpengine.com

پشاور: خیبرپختونخوا میں خواتین نے گزشتہ تین ادوار کی نسبت 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں سب سے زیادہ حق رائے دہی کااستعمال (ووٹ) کیا ہے۔ حالیہ انتخابات میں خواتین ووٹرز کا سب سے کم تناسب حلقہ این اے 29 میں 19 فیصد رہا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق کسی بھی حلقے میں دس فیصد سے کم خواتین کے ووٹ پول کرنے پر انتخابات دوبارہ منعقد کرانے کی الیکشن کمیشن کی دھمکی کام کرگئی ہے۔ مبصرین کو یقین ہے کہ اسی وجہ سے پشاور میں ریکارڈ تناسب سے خواتین نے ووٹ پول کیا۔

’ہم نیوز‘ کے پاس موجود اعدادو شمار کے مطابق پشاورسے قومی اسمبلی کی نشستوں پر 25 فیصد خواتین نے ووٹ پول کیا جوگزشتہ تین ادوار سے کئی گنا زائد ہے۔ اسی طرح پشاور کی 13 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 25 فیصد خواتین نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق خواتین رائے دہندگان نے سب سے کم ووٹ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-29 میں پول کیے جس کی وجہ سے تناسب محض 19 فیصد رہا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین ووٹرز کے تناسب کے حوالے سے پورے صوبے کا ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے جس کے بعد باقاعدہ طور پر رپورٹ جاری کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں نشستوں کی کل تعداد 124  ہے جس میں 99  جنرل نشستیں ہیں۔ خواتین کے لیے مختص نشستوں کی تعداد 22 اورغیرمسلموں کی مخصوص نشستیں تین ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں رجسٹرڈ ووٹروں کی کل تعداد ایک کروڑ 52 لاکھ 16 ہزار 299 ہے جن میں سے مرد ووٹروں کی تعداد 87 لاکھ اور خواتین ووٹروں کی تعداد 66 لاکھ سے زائد ہے۔


متعلقہ خبریں