ٹوئٹر استعمال کرنے والوں کی تعداد کم ہو گئی


اسلام آباد: صارفین میں مقبول سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر کے استعمال کرنے والوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

گزشتہ تین ماہ کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ جب سے ٹوئٹر نے جعلی اکاؤنٹس کے خاتمے کی مہم چلائی ہے اور پرائیویسی کی نئی پالیسی بنائی ہے اس کے استعمال میں کمی آئی ہے۔

رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران ٹوئٹر کے 335 ملین استعمال کنندہ ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ پہلی سہ ماہی میں ان کی تعداد 336 ملین تھی۔ اسی طرح ماہانہ بنیادوں پر بھی ان کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے۔

کمپنی کے مطابق صارفین کی تعداد میں کمی کی وجہ وہ فیصلے ہیں جو کچھ ماہ قبل کیے گئے تھے جن میں ویب سائٹ کو صحت مند اور مثبت کاموں کے لیے استعمال کرنے کا کہا گیا تھا۔

اس ہفتے کے اختتام پر مارکیٹ کے ابتدائی نتائج میں ٹوئٹر کی مارکیٹ 15 فیصد خسارے میں دیکھی گئی ہے۔

کمپنی کے سی اسی او جیک ڈورسے نے کہا ہے کہ نقصان کے باوجود ٹوئٹر اپنے پلیٹ فارم کو بہتر بنانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔

انہوں نے تجزیہ کاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹوئٹر وہ کام کرے گا جو کمپنی اور معاشرہ دونوں کے لیے فائدہ مند ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ جب ہمارا پلیٹ فارم صحت مندانہ گفتگو کے لیے استعمال ہوگا اور لوگ بنا کسی خوف کے اپنے خیالات کا اظہار کرسکیں گے تو اس سروس کی اہمیت میں اضافہ ہو گا۔

رواں برس ٹوئٹر کےاسٹاک دگنا ہوگئے تھے لیکن جب سے انتظامیہ نے جعلی اکاؤنٹس کا خاتمہ اور پرائیویسی کی حوالے سے اقدامات شروع کیے ویب سائٹ کی مارکیٹ پر فرق پڑا ہے۔ کمپنی نے گزشتہ تین ماہ کے دوران تقریبا 143،000 اکاؤنٹس بند کیے ہیں۔


متعلقہ خبریں