ایف آئی اے آصف زرداری اور فریال تالپور کو حتمی نوٹس بھیجے گی

فوٹو: فائل


کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے سابق صدر آصف علی زرداری اور اُن کی ہمشیرہ فریال تالپور کو تیسرا اور حتمی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

منی لانڈرنگ اسکینڈل کے معاملے پر ایف آئی اے کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم ( جے آئی ٹی ) کا اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نجف مرزا کی زیرصدارت ہوا جس میں ڈائریکٹر سندھ اور ڈائریکٹر پنجاب نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں منی لانڈرنگ اسکینڈل کی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔

جے آئی ٹی کے اجلاس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہونے کے معاملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف آئی اے حکام اپنی تحقیقاتی رپورٹ جلد سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔

ایف آئی اے نے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو ہفتہ 28 جولائی کو دوسری مرتبہ طلب کیا تھا تاہم پیپلزپارٹی کے دونوں رہنما پیش نہیں ہوئے۔

فریال تالپور نے کراچی میں خصوصی بینکنگ عدالت میں پیش ہوکر اپنی عبوری ضمانت کی توثیق کرا لی ہے، انہوں نے 20 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرانے کے بعد چھ اگست تک قبل ازگرفتاری عبوری ضمانت حاصل کرلی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی جس کی مدت آج ختم ہوگئی۔


متعلقہ خبریں