بلاول بھٹو کا بیان افسوسناک ہے، الیکشن کمیشن


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن الطاف احمد نے کہا ہے کہ ذمہ داری پوری نہ کرنے پرمستعفی ہونے کا بلاول بھٹو کا مطالبہ افسوسناک ہے، ان کا بیان حقائق کے برعکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات پرامن، شفاف اور غیرجانبدار تھے جس کی تصدیق فری اینڈ فیئرالیکشن نیٹ ورک (فافن)  نے کی ہے جبکہ یورپی یونین نے بھی اپنی رپورٹس میں انتخابات کو شفاف قرار دیا ہے۔

فوج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے الطاف احمد کا کہنا تھا کہ  انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کو پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کا مکمل تعاون حاصل رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کے تمام پولنگ اسٹیشنز پرانتخابی مواد بروقت پہنچایا گیا، ان انتخابات میں ووٹرز کی کثیر تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ویب سائٹ اور میڈیا کے ذریعے معلومات عام کی گئی۔ الیکشن کمیشن نے 30 ہزار مبصرین کو بھی انتخابات کا جائزہ لینے کی اجازت دی۔

بلاول بھٹو کا بیان

انتخابات کے اگلے روز بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پارٹی قیادت کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے عام انتخابات کے نتائج کو مسترد قرار دیا تھا۔

انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن صاف اور شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا ہے لہذا الیکشن کمشنر کو ناکامی تسلیم کرتے ہوئے اپنے عہدے سے فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔


متعلقہ خبریں