مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری : ندی نالوں میں طغیانی


اسلام آباد:  ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے دن بھی  راولپنڈی اور اسلام آباد میں علی الصبح سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے اور حبس ختم ہوگیا ہے۔

گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، ہزارہ، بنوں، ڈی آئی خان، کوہاٹ، مالاکنڈ، پشاور، مردان، ژوب، ڈی جی خان، گلگت بلتستان اورکشمیر میں محکمہ موسمیات کے مطابق کئی مقامات بارش کا قوی امکان ہے جب کہ ملک کےدیگرعلاقوں میں موسم گرم رہے گا۔

گلگت بلتستان کے نواحی علاقے جوتل میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے جس کے نتیجے میں معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔

سیلاب کے باعث جوتل میں دونوں واٹرچینلز مکمل طور پر ٹوٹ گئے ہیں، شاہراہ قراقرم متاثر ہورہی ہے لیکن سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا جوتل کی آبادی کو کرنا پڑ رہا ہے۔

سیلابی ریلے نے پانچ ہزارسے زائد آبادی پرمشتمل بستی کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

جوتل میں ایک طرف واٹر چینلز مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں تو دوسری طرف مکئی کی کھڑی فصل بھی سیلاب کی زد میں آگئی ہے۔

لاہور میں بارشوں کے بعد واسا اور لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہر کے نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ بارش کے پانی کو کھڑا نہ ہونے دیا جائے اورہر قیمت پر نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔


متعلقہ خبریں