خوش حال اور ترقی پسند پاکستان کے خواہش مند ہیں، بھارتی دفتر خارجہ

بھارت کا پاکستان میں نئی حکومت کا خیر مقدم | urduhumnews.wpengine.com

دہلی/اسلام آباد: بھارت نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت دہشت گردی کے خلاف مزید اقدامات کرے گی۔

پاکستان میں 25 جولائی 2018 کے عام انتخابات کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی کی بڑی پارلیمانی پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے۔

قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کو 115 نشستیں ملی ہیں۔ آئین و قانون کے مطابق ایوان زیریں میں 172 نشستوں کی حامل جماعت حکومت تشکیل دے سکتی ہے۔

سیاسی مبصرین امکان ظاہر کررہے ہیں کہ پی ٹی آئی دیگر جماعتوں اورآزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے عوامی نمائندگان کی حمایت سے وفاق میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

بھارت کے دفتر خارجہ نے پاکستان میں تشکیل پانے والی نئی حکومت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوش حال اورترقی پسند پاکستان کے خواہش مند ہیں۔

عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی واضح کامیابی پرامریکہ، چین, سعودی عرب اور ترکی کی جانب سے بھی نیک خواہشات کا اظہارکیا جا چکا ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت میں آئندہ وزیراعظم  کے طور پر عمران خان کو دیکھا جارہا ہے۔

دنیائے کرکٹ کے حوالے سے شہرہ آفاق سابق کرکٹر عمران خان کو دیگر ممالک کی طرح بھارت میں بھی بے پناہ عوامی مقبولیت حاصل ہے۔

25 جولائی کی شام چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی تقریرمیں بھی پڑوسی ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

 

 

 


متعلقہ خبریں