اداروں کی نجکاری کے بجائے انہیں بہتر بنائیں گے، اسد عمر


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ان کی حکومت ملکی اداروں کی نجکاری کے بجائے انہیں بہتر بنانے پر توجہ دے گی۔ ان اداروں کو بیوروکریٹس اور سیاست دانوں کے چنگل سے آزاد کرا کے  پیشہ وارانہ مہارت رکھنے والے افراد کے حوالے کریں گے۔

ہم نیوز کے میزبان ثمرعباس کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت مختلف ممالک ایک دوسرے کے ساتھ معاشی میدان میں مقابلہ کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت سابقہ دور میں شروع کیے گئے منصوبے جاری رکھے گی اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔

انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ اس ادارے کے پاس اسٹاف زیادہ ہے۔ پی آئی اے کا تنخواہوں کا بجٹ 14 فیصد جبکہ دیگر ائیر لائنز کا 20 فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خرابی کا مرکز ادارے نہیں بلکہ نااہل افراد کا اہم عہدوں پر فائز ہونا ہے جو اپنے کاروبار چلانے اور ذاتی مفاد کے پیچھے ملکی اداروں کو تباہ کر دیتے ہیں۔ غیرملکی ائیر لائنز کو سال میں آٹھ بین الاقوامی اضافی فلائٹس چلانے کی اجازت تھی لیکن اپنی جیبیں بھرنے کے لیے انہیں سو سو فلائٹس کی اجازت دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے مہینوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں ملکی معیشت بہتر بنانی ہے۔ ہمارا اصل ہدف عوام کی خوشحالی ہے، ڈالر کی قیمت نہیں ہے۔ مفتاح اسماعیل نے قوم سے سچ نہیں بولا۔

اسد عمر نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) سے متعلق بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آئی ایم ایف کے پاس جانے کو ناگریز قرار نہیں  دیا تھا بلکہ یہ کہا تھا کہ ایسے کسی بھی ادارے سے مدد لینے کو خارج ازامکان قرار نہیں  دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت ٹھیک ہوتے ہیں جب ادارے کام کرتے ہیں، اسی لیے  اداروں کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہئے، سیاسی جگت بازی سے ادارے ٹھیک نہیں ہوتے۔


متعلقہ خبریں