خیبرپختونخوا میں 12 ہزار سے زائد ہیپاٹائٹس کے مریض


پشاور: خیبرپختونخوا میں 12 ہزار سے زیادہ ہیپاٹائٹس کے مریض ہیں جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔

یہ بات پشاور میں ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے حوالے سے منعقد کیے گئے ایک سیمینارمیں کی گئی، سیمینار میں محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے اہلکاروں کے علاوہ طبی ماہرین کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔

سیمینار میں بتایا گیا کہ  ہیپاٹائٹس ایک قابل علاج مرض ہے لیکن بدقسمتی سے وفاق اور صوبائی حکومت اس کی روک تھام کے لیے مناسب اقدامات نہیں کر رہیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ مینگورا، مردان اور سوات کے اضلاع ہیپاٹائٹس سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس کا عالمی دن 28 جولائی کو منایا جاتا ہے جس میں عوام کی آگاہی کے لیے سیمینارز منعقد کیے جاتے ہیں۔

عالمی اداروں کی رپورٹ کے مطابق مصر کے بعد پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے سب سے زیادہ مریض رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ صوبائی سطح پر دیکھا جائے تو پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ہیپاٹائٹس کے پھیلنے کی بڑی وجوہات میں آلودہ پانی، انتقال خون، آلودہ سرنج اور آلات جراحی شامل ہیں۔ اگرچہ اس مرض کو جان لیوا کہا جاتا ہے لیکن بروقت تشخیص اور علاج سے اس بیماری سے جان چھڑائی جا سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں