نریندر مودی کا عمران خان سے رابطہ، الیکشن جیتنے پر مبارکباد


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کے لیے تیار ہیں۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق نریندر مودی نے عمران خان کو فون کیا اور الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہو گی۔

بات چیت کے دوران عمران خان نے پاکستان کے لیے بھارتی وزیراعظم کی نیک خواہشات کو سراہا اور کہا کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات کا حل ڈھونڈنا چاہیے، جنگوں سے تنازعات کا حل ممکن نہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیےدونوں ممالک کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے دھاندلی کی تحقیقات کی پیشکش کر دی

25 جولائی 2018 کو انتخابات میں واضح برتری حاصل کرنے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں افغانستان کے علاوہ بھارت کا بھی تذکرہ کیا تھا اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگر حل طلب مسائل کے پرامن حل کی بات کی تھی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں بارڈر مینجمنٹ کو بہتر کرنے اور تجارت کے فروغ پر توجہ دینے کا ارادہ ظاہر کیا۔

تمام ہمسایہ ممالک اور خاص طور پر بھارت میں عمران خان کی تقریر پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں