سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر : انتظامیہ نے چپ سادھ لی

فوٹو: فائل


کراچی/ اسلام آباد: عید الاضحیٰ کی آمد سے قبل معمول کے مطابق سبزیوں کے نرخ آسمان پر پہنچ گئے ہیں۔ حسب روایت شہری انتظامیہ نے خاموشی اختیارکررکھی ہے اور مہنگائی کا نشانہ بننے والے عوام الناس کی کہیں کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔

شہر قائد میں ٹماٹر، پیاز، آلو، ہرادھنیا، پودینہ، لوکی، تورئی اورکریلا سمیت دیگر سبزیوں کے نرخ میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

سبزی فروشوں کا اس ضمن میں مؤقف ہے کہ پنجاب میں پانی کی کمی سے فصلیں متاثر ہوئی ہیں اور سارا دارومدار بلوچستان کی فصل پر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے نرخ بڑھ گئے ہیں۔

روشنیوں کے شہر میں کاروبار کرنے والے دکاندار کہتے ہیں کہ منڈی سے جب سبزی مہنگی ملے گی تو مجبوراً ہم بھی مہنگی بیچیں گے۔

شہر اقتدار اسلام آباد میں بھی پیاز، آلو،تورئی، لہسن، لوکی، ہرادھنیا، پودینہ، ادرک، لیموں، کریلا اورٹنڈا بلند ترین قیمتوں پر فروخت ہورہا ہے۔

سبزی کے نرخوں میں ہونے والے اضافے کے متعلق دکاندار اورآڑھتی کہتے ہیں کہ ساون کی وجہ سے فصلیں متاثرہیں،سپلائی کم ہے اورمانگ میں اضافہ ہے تو لامحالہ قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔

اسلام آبا د کی سبزی منڈی میں مانسہرہ سے آنے والا ٹماٹر فروخت کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے نرخ میں اضافہ ہے۔

عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل ٹماٹر، پیاز، لہسن، ادرک، لیموں،  ہرا دھنیا، پودینہ، اور آلو سمیت دیگر سبزیوں کے قیمت میں اضافہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔

سبزی منڈی میں کاروبار کرنے والے آڑھتی یقین رکھتے ہیں کہ گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی عید قرباں پر زیادہ استعمال میں آنے والی سبزیوں کے نرخ مزید بڑھیں گے۔

سبزیوں کی قیمت میں غیرضروری اضافے کو نئی حکومت و انتظامیہ کیسے اورکس طرح روکتی ہے؟ یقیناً! دیکھنے والا لمحہ ہوگا۔

ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنانا بھی نئی حکومت و انتظامیہ کے لیے ایک چیلنج سے کم نہیں ہوگا لیکن اسی وقت مہنگائی کے ستائے عوام سکھ کا سانس لے سکیں گے۔


متعلقہ خبریں