مہمند ڈیم کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی، چیئرمین واپڈا


لاہور: چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کی تعمیر موجودہ مالی سال میں ہی شروع  کر دی جائے گی۔

مہمند ڈیم کی سائٹ کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ  ڈیم کو تعمیراتی کام شروع ہونے کے پانچ سال آٹھ  ماہ کی مدت میں مکمل کرلیا جائے گا، ڈیم میں 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی جس سے آٹھ  سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو سکے گی۔

چیئرمین واپڈا نے کہا کہ منصوبہ کی فزیبلٹی اسٹڈی، انجینئرنگ ڈیزائن اور ٹینڈر دستاویزات مکمل کی جا چکی ہیں تاہم ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے ابھی مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر سے مقامی لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی جب کہ ڈیم کی زد میں آنے والی زمین اور جائیداد کا مناسب معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پراجیکٹ ایریا میں انفرا اسٹرکچر، صحت، تعلیم  اور آب نوشی کے لیے مختلف اسکیمیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مہمند ڈیم اور بھاشا ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیتے ہوئے  ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈ قائم کیا تھا اور سب سے پہلے خود ڈیم کے لیے دس لاکھ  روپے عطیہ کا اعلان کیا تھا۔

چیف جسٹس کے احکامات کی روشنی میں اسٹیٹ بینک  نے ملک بھر میں تمام کمرشل بینکوں کی 16 ہزار برانچوں میں اکاؤنٹس کھولے تھے تاکہ عوام  ڈیمز کے لیے اپنے عطیات جمع  کرا سکیں۔

ابتدائی طور پر ڈیمز کے لیے بینک ملازمین اور پاک فوج کے اہلکاروں نے ایک روز جب کہ پاک فوج کے افسروں  نے تین روز کی تنخواہ  عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے واضح کیا تھا کہ یہ  فنڈ کسی اور جگہ استعمال نہیں ہو گا، عدالت عظمیٰ نے یہ یقین دہانی بھی کرائی تھی کہ  ڈیموں کے لیے دیے جانے والے فنڈ پر کوئی انکم ٹیکس عائد نہیں ہوگا اور نہ  ہی کوئی ادارہ  رقم کے بارے میں سوال کر سکے گا۔

ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈز کا اکاؤنٹ چیف جسٹس کی ہدایت پر پانچ جولائی کو فعال کیا گیا تھا اور اس میں چھ جولائی سے رقم جمع ہونا شروع ہو گئی تھی، ایک اندازے کے مطابق اب تک اس فنڈ میں 30 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جمع ہو چکی ہے۔


متعلقہ خبریں