تقرریوں، تبادلوں پر پابندی ختم، بلدیاتی ادارے بھی بحال


اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان نے وفاق اور چاروں صوبوں میں تقرریوں، تبادلوں اور ترقیاتی اسکیموں پر سے پابندی ہٹا لی ہے جب کہ بلدیاتی ادارے بھی بحال کر دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے سابق حکومت کی مدت پوری ہونے سے دو ماہ قبل یکم اپریل سے ہر قسم کی تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کر دی تھی جب کہ نگراں حکومتوں پر بھی نئی حکومت بننے تک تقرریوں، تبادلوں اور ترقیاتی اسکیموں پر پابندی تھی۔

مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن نے نئی بھرتیوں پر پابندی لگا دی

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تقرریوں، تبادلوں اور ترقیاتی اسکیموں پر سے پابندی ہٹا لی گئی ہے اور ملک بھر میں بلدیاتی ادارے بھی دوبارہ بحال کر دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے نئی بھرتیوں اور ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات پر بھی پابندی عائد کی تھی۔

الیکشن کمیشن کی ہدایات میں کہا گیا تھا کہ یکم اپریل سے وفاقی، صوبائی، اور مقامی سرکاری اداروں میں کوئی ملازمت نہیں دی جا سکتی، البتہ ان پابندیوں کا اطلاق وفاقی اور صوبائی پبلک سروس کمیشن کے تحت کی جانے والی بھرتیوں پر نہیں کیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کےاعلامیے کے مطابق کسی اسکول، اسپتال یا سڑک پر کسی سیاستدان کے نام کی تختی نہیں لگائی جا سکتی تھی جبکہ یکم مارچ کے بعد لگنے والی افتتاحی تختیوں کو بھی ہٹانے کا حکم دیا گیا تھا۔

الیکشن کمشین نے بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کو عام انتخابات شفاف بنانے کے لیے معطل کیا تھا، اس دوران سرکاری منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کا اجرا بھی روک دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں