جلال آباد: سرکاری عمارت پر حملہ، 15 افراد ہلاک


جلال آباد: افغان صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں دہشت گردوں نے سرکاری عمارت پر حملہ کر کے 15 افراد کو ہلاک کر دیا تاہم پانچ گھنٹوں کی طویل لڑائی کے بعد سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کو ہلاک  کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔

صوبائی گورنرعطا اللہ خوگیانی  کے مطابق دہشت گردوں نے دوپہر 12  بجے کے بعد سرکاری عمارت پر اس وقت حملہ کیا جب وہاں اجلاس جاری تھا۔

انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں اور فورسز کے مابین تقریبا پانچ  گھنٹے تک لڑائی جاری رہی جس کے بعد تینوں حملہ آور مارے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ عمارت سے نکالی جانے والی 15 لاشوں اور 15 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ہلاک شدگان میں ایک سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہے جبکہ نو زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ  کر دیا  گیا ہے۔

صوبائی گورنر کے مطابق حملہ آوروں نے یکے بعد دیگرے دھماکے کیے اور عمارت میں گھس کر وہاں موجود افراد کو یرغمال بنا لیا۔

دوسری جانب ابھی تک کسی شدت پسند گروپ نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم طالبان نے کارروائی سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

قبل ازیں صبح افغان صوبے فراح میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک بس تباہ ہو گئی تھی جس میں خواتین اور بچوں سمیت گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے، حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی لیکن حکام نے طالبان پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔


متعلقہ خبریں