قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی عمران خان سے ملاقات


اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو کرکٹ کے میدان میں پہلے نمبر پر لائیں گے جب کہ کھلاڑیوں کے لیے بہترین مواقع  اور زیادہ میدان فراہم کریں گے۔

عمران خان نے ان خیالات کا اظہار کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات کرنے والوں میں عمرگل، محمد حفیظ  اور سابق ٹیسٹ کرکٹر وقار یونس بھی شامل تھے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

عمر گل نے عمران خان سے کہا کہ آپ ہمارے ہیرو ہیں، ہمیں آپ پر فخر ہے جب کہ محمد حفیظ نے کہا کہ مجھے اب پاکستان کا مستقبل تابناک نظر آ رہا ہے، عمران خان نے کھلاڑیوں کی جانب سے نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے بعد  میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمرگل نے کہا کہ ہم عمران خان کی جیت پر بہت خوش ہیں اور اللہ کرے کہ عمران خان نے عوام سے جو وعدے کیے ہیں انہیں بھی پورا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے خان صاحب کے لیے بہت سی دُعائیں ہیں، ہم نے بچپن سے ہی عمران خان کو کرکٹ کھیلتے دیکھا ہے، ہمیں اُمید ہے کہ اب کرکٹ سمیت ملک کے تمام معاملات بہتر ہو جائیں گے۔


متعلقہ خبریں