انگلینڈ اپنے 1000ویں ٹیسٹ میں بھارت کو ہرانے کے لیے پر عزم

انگلینڈ اپنے 1000ویں ٹیسٹ میں بھارت کو ہرانے کے لیے پر عزم | urduhumnews.wpengine.com

برمنگھم: انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا آغاز آج برمنگھم میں ہوگا اور میزبان ٹیم اپنی تاریخ کا 1000 واں میچ بھارت کو ہرا کر یاد گار بنانے کے لیے پر امید ہے۔

انگلینڈ نے تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ 15 سے 19 مارچ 1887 میں کھیلا تھا۔ انگلش ٹیم اب تک 357 مقابلوں میں فاتح قرار پائی ہے جب کہ 297 میں اسے شکست سہنا پڑی اور 345 میچ ڈرا ہوئے ہیں۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان اب تک 117 ٹیسٹ مقابلے ہوئے، 43 میں انگلینڈ اور 25 میں بھارت کو فتح نصیب ہوئی۔

انگلینڈ بھارت ٹیسٹ سیریز کا شیڈول

یکم اگست سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم تا پانچ اگست تک برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

دوسرا ٹیسٹ میچ نو سے 13 اگست تک لندن میں، تیسرا ٹیسٹ  18 سے 22 اگست تک نوٹنگھم میں، چوتھا ٹیسٹ 30 اگست سےتین ستمبرتک ساؤتھمپٹن اور پانچواں میچ سات سے 11 ستمبر تک لندن میں کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ٹی 20 اور ون ڈے سیریز

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 اور ون ڈے سیریز بھی کھیلی جا چکی ہے۔ ٹی 20 میں بھارت نے انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دی تھی۔ ون ڈے سیریز میں انگلینڈ نے بھارت کو 2-1 سے ہرا کر حساب برابر کیا تھا۔

اب دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز جیتنے کے لیے جنگ ہو گی، انگلش بلے بازوں کو بھارتی اسپنرز جب کہ بھارتی بلے بازوں کو میزبان ٹیم کے مضبوط فاسٹ باؤلنگ اٹیک کا چیلنج درپیش ہو گا۔

ہوم کنڈیشنز کی وجہ سے میزبان انگلش ٹیم کو ٹیسٹ سیریز کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں