بنی گالہ: سرچ لائٹیں لگ گئیں،سیکیورٹی میں مزید اضافہ ہوگیا


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ اورپولیس کے اعلیٰ حکام متوقع وزیراعظم عمران خان کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھارہے ہیں۔

حکام نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک ایمبولینس اورفائربریگیڈ کی ایک گاڑی بنی گالہ پہنچادی ہے جو مستقل طور پر موجود رہے گی۔

سیکیورٹی حکام کی ہدایت پر سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن حکام نے بنی گالہ کے اطراف سرچ لائٹیں نصب کردی ہیں۔

بنی گالہ کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی غرض سے گھر میں موجود لان کے چاروں اطراف سبز پردے (کرٹن) بھی لگا دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد کی انتظامیہ اورپولیس نے 26 جولائی 2018 کو عمران خان کی رہائش گاہ پر واک تھرو گیٹ نصب کردیا تھا اور عمران خان چوک پر پولیس کا ناکہ لگایا گیا تھا۔

غیر متعلقہ اور عام افراد کاعمران خان کی رہائش گاہ تک  داخلہ حکام کی ہدایت پر اسی دن بند ہو گیا تھا۔ ناکے سے آگے جانے کے خواہش مندوں کی تلاشی لی جارہی تھی۔

بنی گالہ کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی آئی جی اسلام آباد نے خود تمام امور کی نگرانی کی تھی۔

25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی میں بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں