رکن اسمبلی کے محافظوں کا ڈرائیور پر تشدد : ڈرائیوروں نے شہرجام کردیا


شیخوپورہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے محافظوں کے خلاف بطور احتجاج  رکشہ ڈرائیوروں نے بتی چوک بند کردیا، تمام راستوں پر رکشے کھڑے کرکے شہر کا ٹریفک جام کردیا۔

رکشہ ڈرائیوروں نے پی ایم ایل (ن) کے رہنما کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

احتجاجی رکشہ ڈرائیوروں کا الزام ہے کہ جاوید لطیف کے گن مینوں نے ایک رکشہ ڈرائیور کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔

ہم نیوز کے مطابق رکشہ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ ایم این اے جاوید لطیف کے چھ گن مین رکشہ ڈرائیور کو اٹھا کران کی فیکٹری لے گئے جہاں اسے الٹا لٹکا کر بہیمانہ تشدد کا بنایا ۔

متاثرہ رکشہ ڈرائیور کے ساتھیوں کا الزام ہے کہ گن مینوں کے تشدد سے غریب رکشہ ڈرائیور کی ناک کی ہڈی اور بازو ٹوٹ گیا ہے۔

نو منتخب رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے گن مین رکشہ ڈرائیور کو کیوں اٹھا کرلے گئے تھے؟  یہ بات سامنے نہیں آسکی ہے۔

اسی ضمن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے  بھی مؤقف کا معلوم نہیں کیا جاسکا۔

پی ایم ایل (ن) کے مقامی رہنما جاوید لطیف کا نام گزشتہ سال اس وقت بھی شہہ سرخیوں کے ساتھ ذرائع ابلاغ کی زینت بنا تھا جب ان کا پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی مراد سعید کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا۔

2017 میں فیض آباد دھرنے کے خلاف ہونے والے کریک ڈاؤن کے بعد مشتعل مظاہرین نے جاوید لطیف پر حملہ کردیا تھا جس میں وہ زخمی بھی ہوگئے تھے۔

 

 


متعلقہ خبریں