پیمرا ملازمین کی جانب سے بھاشا اور مہمند ڈیمز کے لیے عطیات

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین محمد سلیم بیگ نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کی اور پیمرا ملازمین کی جانب سے ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیات پیش کیے۔

ہم نیوز کے مطابق چیئرمین پیمرا  اور جسٹس ثاقب نثار کی ملاقات چیف جسٹس چیمبر میں ہوئی، چیئرمین پیمرا کے مطابق  ادارے کے افسران نے دو اور ملازمین نے ایک دن کی تنخواہ ڈیمز فنڈز میں جمع کرائی ہے۔

جولائی میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملک بھر میں پانی کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی جیب سے  دس لاکھ روپے عطیہ کیے تھے۔

ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم  فنڈز کا اکاؤنٹ چیف جسٹس کی ہدایت پر پانچ جولائی کو فعال کیا گیا تھا اور اس میں چھ جولائی سے رقم جمع ہونا شروع ہو گئی تھی، ایک اندازے کے مطابق اب تک اس فنڈ میں 30 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جمع ہو چکی ہے۔

ڈیمز کی تعمیر کے لیے بینک ملازمین نے اپنی ایک روز جب کہ فوجی افسران نے تین روز اور اہلکاروں نے ایک روز کی تنخواہ جمع کرانے کا اعلان کیا تھا۔

محکمہ پولیس بلوچستان نے ڈیم کی تعمیر کے لیے تین  کروڑروپے  سے زائد کی رقم جمع کرائی ہے جبکہ  خیبر پختونخوا (کے پی)  کے افسران اور واپڈا کے آفیسرز نے بھی اپنی تین دن کی تنخواہ  ڈیمز کے لیے دینے کا اعلان کیا ہے، لاہور ہائی کورٹ کے ججز نے ایک ایک لاکھ  روپے جمع کرا دیے تھے۔

اس سے پہلے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ملازمین کی جانب سے بھی عطیات دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

دو روز قبل سابق کرکٹر جاوید میانداد نے 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں استعمال ہونے والی گیند نیلام کرکے اس کی رقم  ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے موجودہ مالی سال میں مہمند ڈیم کی تعمیر کا کام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں