پرواز ہے جنوں کا نیا گانا ’ناچے رے‘ ریلیز کے لیے تیار


اسلام آباد: مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز اور ہم نیٹ  ورک کے بینر تلے بننے والی نئی فلم ’پرواز ہے جنوں‘  کا ایک اور گانا ’ناچے رے‘  5  اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔

پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتی فلم  ’پرواز ہے جنوں‘ کی کاسٹ میں شامل کرداروں پر فلمائے گئے گانے کے ابتدائی بول سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔

’پرواز ہے جنوں‘ کی ٹیم نے اس سے پہلے اپنے دو گیت ’بھلیا‘  اور ’تھام لو‘ بھی ریلیز کیے ہیں، ’تھام لو‘ کو ڈائریکڑ اور کمپوزر اذان سمیع خان کی نگرانی میں بہت خوبصورتی کے ساتھ  فلمایا گیا ہے جسے سوشل میڈیا  پر لاکھوں کی تعداد میں شیئر کیا جا چکا ہے۔

فلم کا ٹیزر رواں سال اپریل میں جاری کیا گیا تھا جسے یو ٹیوب پر دس لاکھ سے زائد مداحوں نے دیکھا  اور شیئر کیا، فلم میں  حمزہ علی عباسی فائٹر پائلٹ کے روپ میں مرکزی کردار ادا  کر رہے ہیں جب کہ شاز خان ان کے دوست کا کردار نبھا رہے ہیں۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں احد رضا میر، ہانیہ عامر اور کبریٰ خان بھی شامل ہیں جو اہم کرداروں کی صورت جلوہ گر ہوں گے۔

فلم کا اسکرپٹ معروف ڈرامہ نگار فرحت اشتیاق نے تحریر کیا ہے، ماضی میں سب سے زیادہ  دیکھے اور پسند کیے جانے والے ڈرامے ’من مائل‘  سمیت متعدد ڈراموں کے ڈائریکٹر حسیب حسن  ’پرواز ہے جنوں‘  کے ہدایت کار ہیں۔

مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی یہ شاہکار فلم عید الاضحیٰ  پر ریلیز کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں