انتخابی اصلاحات پر توجہ نہیں دی گئی، فہمیدہ مرزا


کراچی : گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ جمہوریت کے لیے شفاف انتخابات اور الیکشن کمیشن کا کردار بہت اہم  ہے کیونکہ  بڑی جماعتوں نے انتخابی اصلاحات پر توجہ نہیں دی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم سب  نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں لیکن ملک میں شخصیات  مضبوط اور ادارے کمزور ہوئے ہیں۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ  کے نمائندوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میڈیا  بڑے بڑے اشتہارات لے کر جمہوریت کو نقصان پہنچاتا ہے،  میڈیا نے صرف بڑی جماعتوں پر توجہ دی اور سندھ خاص طور پر جی ڈی اے کو نظرانداز کیا گیا جس کا مالکان کو نوٹس لینا چاہیے، سندھ پولیس اور انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے  پوسٹر بھی سائز سے بڑے ہوتے تو پولیس اتار دیتی تھی۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا پاکستان کی تیسری خاتون تھیں جو جنرل سیٹ پر الیکشن جیت کر اسمبلی میں پہنچیں، ان سے پہلے بے نظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کو یہ اعزاز حاصل تھا، فہمیدہ  مرزا مسلسل  پانچویں دفعہ ایک ہی حلقے  سے منتخب  ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔

ڈاکٹر فہمیدہ  مرزا اور ان کے خاندان نے 2018 کے الیکشن سے قبل باضابطہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی سے اپنی راہیں جدا کر کے جی ڈی اے کے پلیٹ فارم  سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا، ان  کے شوہر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کافی عرصے سے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت  سے نالاں تھے اور انہوں نے سابق صدر آصف علی  زرداری  پر سنگین نوعیت کے الزامات  بھی لگائے، 2015 کے بلدیاتی انتخابات میں بھی ذوالفقار مرزا نے پیپلز پارٹی کے مخالف الیکشن لڑا تھا۔


متعلقہ خبریں