عمر اکمل اور احمد شہزاد کی سنٹرل کنٹریکٹ سے محرومی کا امکان


لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو بلے باز عمر اکمل اور احمد شہزاد اپنی خراب کارکردگی اور متنازعہ  رویے کے باعث سنٹرل کنٹریکٹ سے محرومی کے قریب ہیں۔

سال 19-2018 کے لیے سنٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا اجلاس بدھ  کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا جس میں شرکت کے لیے کپتان سرفراز احمد خصوصی طور پر کراچی سے لا ہور پہنچے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست پر کوچ  مکی آرتھر سے مشاورت مکمل کی جا چکی ہے تاہم سرفراز کو اجلاس کے دوران اعتماد میں لیا گیا ہے۔

گزشتہ ایک سال کی پرفارمنس کی بنیاد پر نوجوان کھلاڑیوں بابراعظم، امام الحق، فخر زمان، حسن علی، شاداب خان اور فہیم اشرف کو ترقی ملنے کا امکان ہے جبکہ سرفراز احمد، شعیب ملک، اظہرعلی، یاسر شاہ  بدستور اے کٹیگری میں ہی رہیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنر احمد شہزاد اور عمر اکمل سنٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام  رہے ہیں جبکہ رومان رئیس اور عماد وسیم کی سنٹرل کنٹریکٹ میں شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط کی گئی ہے،  امکان ہے کہ سینئر کھلاڑی محمد حفیظ  اور وہاب ریاض بھی اپنی موجودہ کیٹیگری سے محروم  ہو جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ  رواں سال سے قومی کرکٹرز کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کرے گا۔

شہزاد کو حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ممنوعہ ادویات کے استعمال پر پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ عمر اکمل روز بہ روز خراب کارکردگی، نا زیبا اور متنازعہ حرکتوں کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔

عمر اکمل آخری بار جنوری 2017 میں آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں  پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ شہزاد نے اپنا آخری میچ  جنوری 2018 میں نیوزی لینڈ  کے خلاف کھیلا تھا۔


متعلقہ خبریں