نون لیگ نے آئی ایم ایف کے بارے میں امریکی بیان غلط قرار دے دیا


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک مغربی ممالک کو برا لگتا ہے، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے متوقع بیل آؤٹ پیکج کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا بیان غلط تھا، آئی ایم ایف سے لیا گیا پیسہ چین کی طرف نہیں جائے گا۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبے میں توانائی کے لیے مختص رقم میں ایک روپے کا بھی قرض شامل نہیں، دیگر منصوبوں کے لیے بھی قرضوں کی شرائط آسان ترین ہیں، سی پیک کی وجہ سے پاکستان پر قرضوں کے بوجھ کی بات پراپیگنڈہ  ہے۔

نون لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں 45 بلین ڈالر کے منصوبوں پر کام  ہو رہا ہے، امید کرتے ہیں کہ ان منصوبوں کو جاری رکھا جائے گا، سی پیک ملک کے لیے گیم چینجر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیلپزپارٹی کے دورحکومت میں جی ڈی پی کی شرح تین اعشاریہ چھ  فیصد تھی جو آج پانچ اعشاریہ آٹھ  تک  ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت جو ٹیکس ریونیو چھوڑ کر گئی تھی اس میں نون لیگ نے دگنا اضافہ کیا، پاکستان کی معیشت مستحکم ہے، اس حوالے سے منفی خبریں درست نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نون لیگ کی حکومت نے چار ہزار 35 ارب روپے کا ٹارگٹ حاصل کیا، رواں برس پرائیویٹ سیکٹر کو 396 ارب روپے کے قرضے دیے، 449 ارب روپے کے قرضے  زرعی شعبے کو جبکہ 396 ارب روپے کے قرضے پرائیویٹ سیکٹر کو دیے گئے۔

سابق وزرا نے کہا کہ مارچ میں برآمدات میں 36 فیصد اضافہ ہوا اور ہر ماہ اس میں بہتری آ رہی ہے، مسلم لیگ نون کی حکومت نے انفرا اسٹرکچر میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی، ریلوے، سڑکوں اور شاہراہوں میں آٹھ  سو ارب سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی، آج بھارت کی موٹر ویز کی لمبائی ساڑھے 14 سو کلومیٹر ہے جبکہ پاکستان میں 22 سو کلومیٹر کا انفرا اسٹرکچر موجود ہے۔


متعلقہ خبریں