برطانیہ کا تحریک انصاف کی حکومت سے مکمل تعاون کا اعلان


اسلام آباد: برطانیہ تحریک انصاف کی حکومت سے مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔

اس بات کا اظہار برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے بنی گالہ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے  ملاقات کے دوران کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے حکومت برطانیہ کی جانب سے  نئی حکومت  کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ تحریک انصاف کی حکومت سے مکمل تعاون کےلیے تیار ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خطاب نے برطانیہ میں نہایت مثبت اثرات چھوڑے ہیں۔

تھامس ڈریو نے یقین دہانی کرائی کہ ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی) نہ صرف تعلیم سے محروم بائیس لاکھ بچوں کو سکول بھجوانے بلکہ تحریک انصاف کی حکومت سے مل کر دیگر شعبوں میں تعاون کے لیے بھی پاکستانی حکومت کی مدد جاری  رکھے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ منی لانڈرنگ سے باہر منتقل کی گئی دولت کی واپسی ہمارا عزم ہے، انہوں نے خیبر پختونخوا میں ڈیفیڈ (ڈی ایف آئی ڈی) کے کردار کو سراہا اور کہا کہ  پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد برطانیہ میں مقیم  ہے جس کے سبب پاک برطانیہ تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔


متعلقہ خبریں