احمدشہزاد اور عمر اکمل سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم

احمدشہزاد اور عمر اکمل سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہوگئے | urduhumnews.wpengine.com

لاہور:  سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے قومی کرکٹرز کی فہرست تیار کرلی گئی ہے جس میں ممنوعہ ادویات استعمال کرنے میں ملوث پائے گئے احمد شہزاد اور تنازعات کا شکار عمر اکمل کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔

چند کھلاڑی ایسے بھی ہیں جنہیں پہلی بار پی سی بی کے کنٹریکٹ پر لایا گیا ہے۔ آصف علی، حسین طلعت اور صاحبزادہ فرحان کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیا جائے گا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید اور تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی مشاورت سے تیار کی گئی فہرست رخصت پر آسٹریلیا جانے والے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو ارسال کی جائے گی۔

ہیڈ کوچ سے رائے لینے کے بعد فہرست چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کو بھیجی جائے گی۔

فہرست میں فخر زمان ،بابر اعظم ،امام الحق ،حسن علی ،فہیم اشرف اور شاداب خان کو ترقی ملے گی جب کہ رومان رئیس اور عماد وسیم کو بی کیٹیگری ملے گی۔

پی سی بی کے نئے تجویز کردہ سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق دورہ زمبابوے میں بیشتر میچز کے دوران باہر بیٹھنے والے محمد حفیظ اور وہاب ریاض کی تنزلی کی جا رہی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، شعیب ملک، محمد عامر اور یاسر شاہ کو اے کیٹیگری میں برقرار رکھا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں