واٹس ایپ اب کاروباری اداروں سے رقم وصول کرے گا

واٹس ایپ اب کاروباری میسجز کے پیسے وصول کرے گا | ہم نیوز

کیلیفورنیا: فیس بک نے اپنی ملکیتی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ کو آمدن کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس مقصد کے لیے واٹس ایپ بزنس کے نام سے نئے فیچرز متعارف کر دیے گئے ہیں۔

چار برس قبل واٹس ایپ کو فیس بک نے 22 ارب ڈالرز کے عوض خریدا تھا تاہم اس وقت سے اب تک اسے ذریعہ آمدن نہیں بنایا گیا تھا۔ حالیہ پیشرفت میں تصدیق کی گئی ہے کہ سب سے بڑی سماجی ویب سائٹ فیس بک نے ایسے ذرائع دریافت کرلیے ہیں جن کی مدد سے وہ واٹس ایپ سے بھی آمدن حاصل کر سکے گی۔

واٹس ایپ کے ذریعے پیسے کمانے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے موبائل ایپلی کیشن نے ایسے فیچرز متعارف کرائے ہیں جو کاروباری اداروں کو اپنے صارفین سے رابطے میں مدد دیں گے اور اس کے بدلے میں وہ فیس بک کو ادائیگی کریں گے۔

واٹس ایپ کو ذریعہ آمدن بنانے سے متعلق منصوبہ کے تحت اشتہارات کا سلسلہ شروع نہیں کیا جائے گا بلکہ واٹس ایپ کے نئے بزنس فیچرز کی مدد سے یہ کام لیا جائے گا۔

کاروباری اداروں کی سہولت کے لیے واٹس ایپ نے اپنے نئے فیچر میں یہ آپشن رکھا ہے کہ اسے بغیر کسی معاوضہ کے استعمال کیا جا سکے تاہم یہ شرط رکھی گئی ہے کہ صارفین کے پیغامات کا جواب 24 گھنٹے کے اندر دیا جائے، بصورت دیگر کمپنیوں پابند ہوں گی کہ وہ واٹس ایپ کو فیس ادا کریں۔

فیس بک کا یہ اقدام اپنی ملکیتی موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے آمدن حاصل کرنے کے منصوبے میں نیا قدم ہے۔ اس سے پہلے دنیا کی سب سے بڑی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام سے اشتہارات کی مد میں منافع کما رہی ہے۔


متعلقہ خبریں