بنوں انٹرمیڈیٹ بورڈ نے نتائج کا اعلان کردیا


بنوں: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بنوں نے تعلیمی سال 2017-18 کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق امتحان دینے والے امیدواروں میں سے 67 فیصد طلبا و طالبات کامیاب ہوئے ہیں۔

جمعرات کے روز کنٹرولر امتحانات بنوں ثانوی تعلیمی بورڈ حیدر زمان نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران امتحانی نتائج کا اعلان کیا۔

ڈائریکٹر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فرید خٹک نے پوزیشن لینے والے امیدواروں میں انعامات اور نقد رقوم تقسیم کیں۔ پہلی پوزیشن کے لیے 30 ہزار، دوسری کے لیے 20 ہزار اور  تیسری کے لیے دس ہزار روپے نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔

پہلی 20 پوزیشنز میں سے گورنمنٹ ڈگری کالج نمبردو نے 15 پوزیشن لے کر بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔

اکرم درانی کالج کے محمد زبیر خان اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج منڈان کی طالبہ آمنہ عارف نے 971 نمبر لے کر بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

امتحانات میں مجموعی طور پر کل 31561 طلبا و طالبات نے شرکت کی جس میں سے 21141 کامیاب قرار پائے۔


متعلقہ خبریں