ایم کیو ایم ختم کرنے والے خود ختم ہو گئے، عامر خان


کراچی: متحدہ  قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا  ہے کہ جو  پیراشوٹ پارٹیز کہتی تھیں کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) ختم ہو گئی ہے، وہ خود ختم ہو گئی ہیں۔

کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم  کا مینڈیٹ چھینا گیا لیکن اس کے باوجود ان کی جماعت 6 نشستیں لینے میں کامیاب  ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ 6 بجے تک تو پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے جاری رہا  لیکن بعد میں سب کچھ  ہوا، عجیب بات ہے کہ پیپلز پارٹی نے کرپشن کے باوجود اتنی نشستیں کیسے جیت لیں۔

عامرخان نے انکشاف کیا کہ کراچی اور حیدرآباد کے پولنگ اسٹیشن میں فوجی جوان اندر تعینات تھے جبکہ سندھ  کے دوسرے شہروں میں انہیں اندر جانے سے روکا  گیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی پارٹی کو حلقہ بندیوں میں بھی نقصان پہنچایا گیا، ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے ایم کیو ایم کا ساتھ  دیا لیکن دھاندلی نے ہرا دیا۔

انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ  ایم کیو ایم  جن نشستوں پر ہاری  ہے وہ حلقے کھولے جائیں اور چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر مستعفی ہو کر قوم  کے ان 21 ارب  روپے کا حساب دیں جو انتخابات پر خرچ  ہوئے۔


متعلقہ خبریں