امجد صابری کے قاتل کی سزائے موت معطل

پشاور: پاکستان کے مشہور قوال اور نعت خواں امجد صابری کے قتل میں ملوث مجرم عارش کی سزائے موت پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے معطل کر دی ہے۔

ملزم کو فوجی عدالت کی جانب سے موت کی سزا سنائی گئی تھی، سزا پانے والے مجرم کے والد کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے کو بغیر ثبوت کے پھانسی کی سزا سنائی گئی، وہ  بے قصور ہے، عدالت  نے محکمہ داخلہ سے 12 ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں 22 جون 2016 کو دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد  نے معروف قوال امجد صابری  پر گولیاں چلا  کر انہیں ہلاک کر دیا تھا، ان کی گاڑی کی ونڈ اسکرین پر تین گولیوں کے نشان پائے گئے تھے۔

ستمبر 2016 کو اس وقت  سندھ  کے وزیراعلیٰ  مراد علی شاہ  نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ  امجد  صابری کے قاتل پکڑے گئے ہیں، رواں برس اپریل میں پشاور ہائیکورٹ  نے امجد صابری کے قتل کے ایک اور ملزم حضرت علی کی سزائے موت پر عمل درآمد بھی معطل  کر دیا تھا۔

اس افسوسناک واقعے کے خلاف ملک بھر میں سخت غم وغصے کا اظہار کیا گیا تھا اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز